نیوٹرل ہونا قائد اعظم کے حکم کی تعمیل ہے، عمران خان جھوٹ بولنا چھوڑ دیں تو ملک کے سیاسی حالات بہتر ہوجائیں گے، ن لیگی لیڈر کا ٹویٹر پر جواب

اسلام آباد(آئی این پی)وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ چار سال میں نااہلی اور کرپشن ثبوت ہے کہ عمران خان کو معیشت بالکل چلانا نہیں آتی،عمران خان اور ان کی ٹیم نے معیشت کو تباہی کی نہج پر پہنچایا،نیوٹرل کوئی بری بات نہیں، عمران خان کویہ بات سمجھنی چاہئے۔ جمعہ کو سابق وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ پر جواب میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ نیوٹرل ہونا اداروں کا آئینی کردار ہے، یہ قائداعظم محمد علی جناح کے حکم کی تعمیل ہے،عدلیہ سمیت دیگر قومی اداروں کا آئین کے تحت یہ ہی کردار متعین ہے کہ وہ نیوٹرل رہیں،

فئیر پلے نہ ہو، یہ عمران خان کی عادت ہوگئی ہے،عمران خان کو مدد نہیں ملی، انصاف کے مطابق فیصلوں پر عمران خان جلے بھنے ہوئے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ہر روز نئی سازشی تھیوری لاتے ہیں، تضادات سے بھرپور سازشی تھیوریوں میں کوئی جان نہیں۔کبھی کہتے ہیں کہ مجھے ایک سال سے پتہ تھاکہ مسلم لیگ (ن)میری حکومت گرانا چاہ رہی، کبھی کوئی اوربہانہ گھڑتے ہیں۔عمران خان اگر جھوٹ بولنا چھوڑ دیں تو ملک کے سیاسی حالات خاصے بہتر ہوجائیں گے۔خدارا، عوام کی عقل کو چیلنج نہ کریں، عمران خان کی نااہلی اور بدعنوانی کی وجہ سے معیشت آج اس نہج پر ہے۔مفتاح نے کہاکہ چار سال میں اربوں روپے کی چوریاں ہوئیں، ایسے فیصلے ہوئے جن سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا،یہ ایل این جی منگوانا بھول جاتے تھے، سات ہزار میگاواٹ پاور پلانٹ بندکئے ہوئے تھے۔جتنے برے معاشی حالات عمران خان چھوڑ کر گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) انہیں ٹھیک کرنے کی کوشش کررہی ہے۔سیاسی میدان میں مقابلہ کریں، عمران خان ماضی والی مدد ملنے کی امید کرنا چھوڑ دیں۔عمران خان کبھی ایمپائر کو ساتھ ملائے بغیر کھیلنے کی بھی کوشش کریں ۔۔۔۔

close