پاکستان نے قرض لینے والے ممالک کے پلیٹ فارم (Borrowers’ Platform) کی گورننگ کونسل کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بینکاک میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس 2026 کے موقع پر یہ ذمہ داری قبول کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم رکن ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی تعاون کو فروغ دے گا، تاہم یہ اجتماعی سودے بازی کا فورم یا بحرانوں سے نمٹنے کا نظام نہیں ہو گا۔ 2026-27 کے عملی منصوبے کے لیے پاکستان کی ترجیحات میں قرضوں کے انتظام کو بہتر بنانا، معاشی اصلاحات کے تجربات کا تبادلہ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے جدید ذرائع تلاش کرنا شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ قرض ترقی کا ذریعہ ہونا چاہیے، نہ کہ رکاوٹ۔ انہوں نے پلیٹ فارم کو فعال بنانے میں مصر کی قیادت اور رکن ممالک و سیکریٹریٹ کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس کے بعد وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔






