*حکومت کا مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کو وقت دینے کا فیصلہ*
وفاقی حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی کوششوں کو وقت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے امن و امان اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے مذاکراتی عمل پر بریفنگ دی، جبکہ خیبر پختونخوا سے متعلق آئینی و قانونی امور پر بھی غور کیا گیا۔
اس سے قبل حکومتی کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی۔ ذرائع نے بتایا کہ مولانا مذاکراتی ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں اور انہوں نے اپنی شرائط بھی پیش کی ہیں۔
وزیر اعظم کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے جلد ٹیلی فونک رابطہ متوقع ہے۔






