*پی ٹی آئی لانگ مارچ میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر وزیراعلیٰ کو نوٹس*
پشاور ہائیکورٹ نے لانگ مارچ میں ہیلی کاپٹر اور سرکاری وسائل استعمال کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
دو رکنی بنچ نے رکن صوبائی اسمبلی ظاہر خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت نے 23 اکتوبر 2025 کو سیاسی اجتماعات میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی، تاہم 4 اکتوبر کو وزیراعلیٰ نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہوئے لکی مروت میں لانگ مارچ میں شرکت اور قیادت کی۔
وکیل کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ساتھ پائلٹ، عملہ، ایندھن اور پروٹوکول سمیت دیگر سرکاری وسائل بھی استعمال ہوئے، جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ اس حوالے سے تصاویر اور ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ وزیراعلیٰ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کی اجازت، لاگ بک اور اخراجات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کر دیا۔






