*حکومت اور پی ٹی آئی ڈیڈلاک کے خاتمے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی ثالثی پر رضامند*
وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات میں پیدا ہونے والے ڈیڈلاک کے خاتمے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو ثالث بنانے پر تیار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمان سے فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ثالثی کے لیے 5 شرائط رکھ دی ہیں اور کہا ہے کہ پہلے وہ فریقین کی سنجیدگی کا جائزہ لیں گے، اگر دونوں بنیادی امور پر لچک دکھانے کو تیار ہوئے تو ہی وہ درمیانی راستہ نکالنے کے لیے حتمی کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ثالثی کے حتمی فیصلے کے بعد مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔
گزشتہ روز حکومتی ٹیم جس میں اسپیکر ایاز صادق، رانا ثنا اللہ اور طارق فضل چوہدری شامل تھے، نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔ اس سے قبل پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد کے وفد نے بھی ان سے ملاقات کی تھی۔






