سرکاری حج اسکیم میں درخواست جمع کرانے والے عازمین کے لئے اہم خبر

*سرکاری حج اسکیم: دوسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر*

 

سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط کی ادائیگی کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر کر دی گئی۔

 

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے اور اب تک 32 ہزار 178 عازمین دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کر چکے ہیں، جس کی مد میں اب تک 20.5 ارب روپے وصول ہو چکے ہیں۔

 

ترجمان نے بتایا کہ 17 ہزار عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے، 1 ہزار 400 نے بینک کارڈ اور 13 ہزار 800 نے مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی۔ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے آن لائن ادائیگی کا تناسب 57 فیصد سے تجاوز کر گیا۔

 

وزارت کے مطابق عازمین حج واجبات نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، کارڈ یا مینول چالان سے ادا کر سکتے ہیں۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ 1 لاکھ 3 ہزار عازمین میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ایپ پر سرٹیفکیٹس اپ لوڈ کر چکے ہیں، باقی عازمین کے لیے پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس فارم کی ڈاکٹر سے تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔