*اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کا اعتراف*
اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کا اعتراف کر لیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ساجد بیگ کے مطابق جیل میں اس وقت تقریباً 8 ہزار قیدی موجود ہیں، جن میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے قیدی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گنجائش سے زائد قیدیوں کی تعداد ایک مسئلہ ضرور ہے، اس مسئلے پر حکومت غور کر رہی ہے، قیدیوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور جوڈیشل افسران باقاعدگی سے جیل کا دورہ کرتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ جیل میں 6 مرد اور ایک خاتون ڈاکٹر تعینات ہیں، ای سی جی، الٹرا ساؤنڈ اور ڈینٹل سمیت دیگر طبی سہولیات دستیاب ہیں، جیل میں ایچ آئی وی کے تقریباً 100 کیسز ہیں اور بیشتر قیدی یہ مرض جیل میں آنے سے پہلے ہی ساتھ لاتے ہیں۔






