شہر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
حکام کے مطابق بیشتر کال سینٹرز میں غیر ملکی افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سے مبینہ طور پر ملکی و غیر ملکی شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ متعدد کال سینٹرز کے مالکان یا ان کے نیٹ ورکس بیرون ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں، جبکہ یہ کال سینٹرز مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے لیے بھی استعمال کیے جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 50 سے زائد غیر ملکی شہری گرفتار کیے گئے ہیں، جن سے کال سینٹرز کے نیٹ ورک اور اس کے بین الاقوامی روابط کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں آپریٹ ہونے والے متعدد کال سینٹرز کے بیرون ملک روابط کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے، جبکہ این سی سی آئی اے نے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔






