گاڑی خریدنے کے خواہشمند ہوشیار ہوجائیں! نئی شرط عائد

لاہور: امپورٹڈ گاڑی خریدنے والوں کے لیے نیا ضابطہ متعارف کرا دیا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز نے ملکیت کی منتقلی پر نئی شرط عائد کر دی۔

 

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں درآمدی گاڑیوں کے خریداروں کے لیے نئی پالیسی کے تحت گاڑی رجسٹر ہونے کے بعد اس کی ملکیت فوری طور پر کسی دوسرے شخص کے نام منتقل نہیں کی جا سکے گی۔

 

نئی پالیسی کے تحت درآمدی گاڑی رجسٹریشن کے بعد پورے ایک سال تک اسی شخص کے نام پر رہے گی جس نے اسے درآمد کیا ہے، جبکہ اس سے قبل رجسٹریشن کے فوراً بعد گاڑی خریدار کے نام منتقل کی جا سکتی تھی۔

 

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ درآمدی گاڑیاں پرسنل، گفٹ اور ریزیڈنس تین کیٹیگریز کے تحت رجسٹر کی جاتی ہیں اور نئی پابندی تینوں کیٹیگریز پر لاگو ہوگی۔ اب خریدار کو ملکیت منتقل کرانے کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ سے ایک سال مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔

 

محکمہ ایکسائز نے نئی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنے سسٹم میں بھی چیک شامل کر دیا ہے، جس کے باعث ایک سال کی مدت مکمل ہونے سے پہلے ملکیت منتقل نہیں ہو سکے گی۔

 

حکام کے مطابق پنجاب میں مجموعی گاڑیوں کی رجسٹریشن میں درآمدی گاڑیوں کا حصہ اوسطاً 20 فیصد ہے، جبکہ نئی پالیسی کے نتیجے میں محکمہ ایکسائز کو ریونیو میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے قبل درآمدی گاڑیوں کی فوری ملکیت منتقلی سے اضافی ریونیو حاصل ہوتا تھا۔