ملک گیر ہڑتال کا اعلان

کراچی: ایف بی آر کی مبینہ ہراسانی اور ٹیکس پالیسیوں کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

 

پی ایم اے نے ملک بھر میں تمام طبی مراکز بند رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ اسپتالوں پر پی او ایس سسٹم مسلط کرنا قابل قبول نہیں۔

 

جنرل سیکریٹری پی ایم اے کے مطابق ہیلتھ کیئر سروسز کو ریٹیل سیلز قرار دینا ناقابل قبول ہے، جبکہ ایف بی آر کے چھاپوں، جرمانوں اور مبینہ ہراسانی کے خلاف طبی برادری سراپا احتجاج ہے۔

 

ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں طبی خدمات غیر معینہ مدت کے لیے بند کی جا سکتی ہیں۔

 

پی ایم اے نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آر پی او ایس کی شرط واپس لے، غیر ضروری جرمانے ختم کرے اور اسپتالوں پر چھاپے بند کیے جائیں۔

 

پی ایم اے کے مطابق آج صوبائی اور مقامی قیادت کی پریس کانفرنسیں ہوں گی، جن کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔