*لاہور: آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی*
لاہور میں محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ پابندی عائد کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی اور اس کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی۔
انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت کے لیے ضلعی سطح پر “سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کے لیے اس کمیٹی سے تحریری اجازت لینا ہوگی۔ کمیٹی کی اجازت سے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت لگائی ہے اور پنجاب بھر میں انتظامیہ و پولیس کو عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔






