پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن فیس میں بڑے اضافہ؟

لاہور: پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کی مدت اور فیس میں تبدیلی کی تجویز سامنے آگئی، جس کے تحت سکولوں کو 4 سال کے لیے رجسٹر کرنے اور رجسٹریشن فیس سکول کی ماہانہ فیس کے تناسب سے مقرر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

مجوزہ نئے قواعد و ضوابط کے مطابق 1500 روپے ماہانہ فیس لینے والے سکول کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے، جبکہ 2500 روپے تک ماہانہ فیس والے سکولوں سے رجسٹریشن کی مد میں 20 ہزار روپے وصول کیے جائیں گے۔

اسی طرح 5 ہزار روپے تک ماہانہ فیس لینے والے سکول کی رجسٹریشن فیس 50 ہزار روپے، جبکہ 10 ہزار روپے ماہانہ فیس والے سکول کی رجسٹریشن فیس ایک لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ قواعد کے تحت 20 ہزار روپے ماہانہ فیس لینے والے سکولوں کی رجسٹریشن فیس 2 لاکھ روپے ہوگی، جبکہ 20 ہزار روپے سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے سکولوں کے لیے رجسٹریشن فیس 10 لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ فیس کی ادائیگی پر سکولوں کو 4 سال کے لیے رجسٹریشن جاری کی جائے گی۔ نئے لائسنس کے بعد رجسٹریشن کی تجدید کے وقت مقررہ رجسٹریشن فیس کا 50 فیصد ادا کرنا ہوگا۔

پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن سے متعلق نئے قواعد و ضوابط کی منظوری کابینہ کمیٹی سے لینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ منظوری کے بعد رجسٹریشن کے نئے طریقہ کار اور فیسوں کا اطلاق کیا جائے گا۔