وزیراعظم شہباز شریف کے الفاظ کو اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کر دیا۔ فلسطینی مشن نے لکھا کہ وزیراعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطین کا خصوصی ذکر کیا اور فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ہونے والے مظالم کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے ہند رجب نامی فلسطینی بچی کی دل دہلا دینے والی داستان بیان کی تھی جسے اسرائیلی فوجیوں نے بے دردی سے شہید کر دیا تھا۔ اس سال ایک اور سانحہ ہمارے دلوں اور پوری دنیا کے دل پر بوجھ بن گیا ہے، 8 سالہ وفا عقیلہ نے اس بے مقصد جارحیت میں اپنی جان گنوا دی، وفا عقیلہ کے اسکول کا پہلا دن اس کی زندگی کا آخری دن بن گیا۔
شہباز شریف نے سوال اٹھایا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والا بچہ دنیا کے دیگر بچوں کی طرح زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق نہیں رکھتا؟






