کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے سے متعلق سی ٹی ڈی کا انکشاف

*کوہاٹ پولیس لائن حملہ: دہشتگردوں نے کئی بار ریکی کی تھی، تفتیش جاری*

 

کوہاٹ پرانا پولیس لائن حملے سے متعلق سی ٹی ڈی کی تفتیش جاری ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق دہشتگردوں نے واردات سے قبل پولیس لائنز کی کئی بار ریکی کی تھی۔

 

حکام کے مطابق دہشتگرد بارود بھری گاڑی کے ساتھ رکشہ بھی استعمال کرتے ہوئے پہنچے۔ خودکش بمبار رکشے میں اور 2 دہشتگرد موٹرسائیکل پر پولیس لائنز تک آئے تھے۔ ہلاک دہشتگرد آئی ای ڈیز، دستی بم اور بھاری اسلحہ ساتھ لائے تھے۔

 

واردات میں ملوث سہولت کاروں، گھر دینے اور پولیس لائنز تک رسائی میں مدد دینے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اہم شواہد فرانزک کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

 

واضح رہے ایک ہفتہ قبل کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش حملے میں خودکش بمبار سمیت 8 دہشتگرد ہلاک اور 23 افراد شہید ہوئے تھے، جن میں 17 پولیس اہلکار اور 6 سویلین شامل تھے۔

 

سی ٹی ڈی کے مطابق حملے کے بعد دہشتگرد اسپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہو گئے تھے جہاں سیکیورٹی فورسز نے عمارت کلیئر کی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے گرنیڈ حملے میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا ہاتھ زخمی ہوا تھا۔