انا للہ و اناالیہ راجعون ، ڈی آئی خان دھماکا، ریسکیو کے دوران ایمبولینس پر دہشتگردوں کی فائرنگ، دو اہلکار شہید ہو گئے

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ کے قریب قائم مشترکہ چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو ریسکیو اہلکار امتیاز اور شریف شہید جبکہ انیس نامی اہلکار زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں متاثرین کو اسپتال منتقل کر رہی تھیں کہ اسی دوران ایمبولینس کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل ہونے والے دھماکے میں خواتین اور ایک بچے سمیت متعدد افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوئے تھے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے ایمبولینس پر حملے کو فتنہ الخوارج کی کارروائی قرار دیا ہے جبکہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے۔