لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مطالعہ اخبارات کے حوالے سے ریڈرشپ ڈے پر خصوصی پیغام میں پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی اور پرنٹ میڈیا سے متعلقہ تمام تنظیموں کے عہدیداروں اور ارکان کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اخبارات کے قارئین کو بھی خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ اخبار معلومات کی بھرمار کے موجودہ دور میں بھی اطلاعات کا مستند ذریعہ ہے۔ اخبارات میں ایڈیٹوریل چیک کے ذریعے غلط اور گمراہ کن معلومات کو روکنا قابل تحسین و تقلید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخبارات نے ہر دور میں شعور و آگاہی اور رائے عامہ کی صحیح سمت میں رہنمائی کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک کے دوران اخبارات نے عوام میں آزادی کا شعور بیدار کیا۔ تحریک آزادی کے دوران سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحافتی جدوجہد بھی تاریخ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخبار کے مطالعے کا شوق انہیں ورثے میں ملا، آج بھی وقت ملے تو اخبارات زیر مطالعہ آتے ہیں۔ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے دور کے باوجود پرنٹ کی افادیت برقرار رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ گمراہ کن اطلاعات کے دور میں معروضی صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ نوجوان نسل کو درست معلومات تک رسائی کے لیے اخبارات کے مطالعے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔






