عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے سے متعلق اہم پیشرفت

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس عبہر گل خان نے درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے رانا مدثر عمر پیش ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں گھریلو خواتین ہیں، ڈاکٹر عظمیٰ مقدمے میں بے قصور قرار دی جا چکی ہیں اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی کاپی درخواست کے ساتھ موجود ہے۔

عدالت نے فوری معطلی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ متعلقہ فریقین سے رپورٹ منگوا لیتے ہیں۔ فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا گیا، عدالت نے قرار دیا کہ مؤقف سامنے آنے کے بعد نوٹیفکیشن معطلی پر فیصلہ ہوگا۔