پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی سے سزا یافتہ اور نااہل شخص آزاد نہیں ہوگا۔
اپنے حالیہ بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کوہاٹ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایک طرف دہشت گردی ہے اور دوسری طرف خیبرپختونخوا میں ڈاکٹرز احتجاج کر رہے ہیں، صوبے کو اس وقت مختلف مسائل درپیش ہیں، جبکہ صوبائی حکومت اسلام آباد پر چڑھائی کر رہی ہے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کا مقصد ایک سزا یافتہ اور نااہل شخص کو قید سے آزاد کروانا ہے، لیکن وہ آزاد نہیں ہوگا۔ کے پی حکومت سے اپیل ہے کہ لانگ مارچ اور احتجاج کا وقت نہیں بلکہ گورننس پر توجہ دیں اور اپنے صوبے پر نظر رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اور کاروباری حضرات پنجاب میں خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج اجاگر کر رہے ہیں، ہمارے نوجوان ہر میدان میں آگے ہیں۔
اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کی جنگ کی وجہ سے خطہ بحران کا شکار ہے، وفاق کی جانب سے شادی ہالز اور ہوٹلز بند کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ پنجاب میں بے شک چیزیں بند کریں لیکن ہمارا صوبہ دہشت گردی کا شکار ہے، جو اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی صوبے بنانے کے حوالے سے کوئی سازش نہیں کر رہی۔ پارلیمنٹ نے چاہا کہ نئے صوبے بنیں تو صوبے بنیں گے۔ عوام کے نمائندے پارلیمنٹ میں موجود ہیں، وہ جو فیصلہ کریں گے وہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی نے بھی ہزارہ صوبہ بنانے سے انکار کیا اور پنجاب نے بھی نئے صوبوں کی حمایت نہیں کی۔





