خوفناک زلزلہ، خوف و ہراس پھیل گیا

کولمبیا میں 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

شنہوا کے مطابق جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (GFZ) نے بتایا کہ منگل کی صبح آنے والے زلزلے کا مرکز ابتدائی طور پر 4.43 ڈگری شمالی عرض البلد اور 76.74 ڈگری مغربی طول البلد میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کولمبیا میں 7.4 شدت کا شدید زلزلہ آیا تھا، جس کے بعد تقریباً 100 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے تھے اور ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کر گئی تھی۔

شدید زلزلے کے نتیجے میں رہائشی عمارتیں، مکانات، اسکول اور طبی مراکز بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں، کئی عمارتیں جھک گئیں جبکہ بعض مکمل طور پر منہدم ہوگئیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں نے پوری رات کرینوں، کھدائی کرنے والی مشینوں اور بعض مقامات پر ہاتھوں کی مدد سے ملبہ ہٹا کر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھی تھی۔