موٹر سائیکل سواروں کو ہر ہفتے کتنے روپے کا سستا پیٹرول ملے گا؟

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کے لیے ہفتہ وار 500 روپے جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ہر 10 روز میں 1,000 روپے فیول ریلیف کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کم آمدن والے طبقے کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم فیول ریلیف پیکیج کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کو ہر ہفتے 500 روپے کا فیول ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان ہر 10 روز بعد 1,000 روپے کے ریلیف کے حقدار ہوں گے۔

فیول ریلیف اسکیم کے لیے 75 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کرلی گئی ہے۔

حکومت کے مطابق یہ سہولت صرف غیر کمرشل صارفین کے لیے ہوگی اور ہر صارف یا مالک کو صرف ایک گاڑی کے لیے فیول ریلیف دیا جائے گا۔

ریلیف کی شفاف اور مؤثر فراہمی کے لیے ڈیجیٹل فیول پاس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کی تیاری اور انتظام وزارتِ آئی ٹی کے سپرد کیا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ فیول ریلیف پیکیج کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہونے والے کم آمدن والے شہریوں کو فوری مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔