راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی، شمالی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 155 سرگرم کارکنوں کی نظربندی کے احکامات جاری کردیئے گئے، جبکہ مزید 118 رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے فہرست بھی تیار کرلی گئی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق 155 سرگرم کارکنوں کو تھری ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے 35 سرگرم کارکنوں کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے تیار کی گئی فہرست میں سرگرم رہنماؤں، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداروں کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے خدشے کے باعث پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے بعض رہنما روپوش ہوگئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے مزید کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ تھری ایم پی او کے تحت نظربندی کے احکامات پر عملدرآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔






