بسنت 2027ء کی تیاریاں شروع!

لاہور: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے بسنت 2027 کے ثقافتی ایونٹ کو محفوظ بنانے کے لیے پتنگ سازی کے مینوفیکچرنگ لائسنسز کی تصدیق کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 5 ستمبر سے پتنگ سازی کے مینوفیکچرنگ لائسنسز کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو مینوفیکچررز کی فیلڈ ویریفکیشن کے لیے متحرک کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز مینوفیکچررز کے کوائف کی جانچ اور مقامات کے معائنے کا عمل فوری مکمل کریں۔ صرف ان مینوفیکچررز کو لائسنس جاری کیے جائیں گے جو تمام قانونی تقاضے اور مقررہ معیار پورا کریں گے۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ لائسنسنگ کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ کسی بھی مینوفیکچرر کو مقررہ معیار پر سمجھوتے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مواد تیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو محفوظ تفریحی ماحول فراہم کرنے اور بسنت 2027 کے ثقافتی ایونٹ کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔