طالبات کے لیے ڈرائیونگ سکھنا اور لائسنس بنوانا اب اور آسان!

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طلبہ و طالبات کے لیے ای بائیکس سکیم کے تحت سہولیات میں اضافہ کردیا گیا۔ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے طلبہ و طالبات کو سکوٹی چلانے کی تربیت اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے نئے سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور جین زی کاؤنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے 5،5 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام لائسنس سینٹرز میں جین زی کاؤنٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔ سکوٹی لائسنس کے حصول کے لیے طلبہ و طالبات شناختی کارڈ یا ب فارم کے ساتھ گارڈین کو ہمراہ لا سکتے ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اب تک ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس جبکہ 6 ہزار 546 جووینائل پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ سکوٹی ٹریننگ سکولز آبشار ڈرائیونگ سکول، لبرٹی خدمت مرکز اور گریٹر اقبال پارک کے علاوہ ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر بھی قائم کیے گئے ہیں۔

سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایل او ایس فیروزپور روڈ پر صرف خواتین کو مفت سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز سے ہزاروں خواتین بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں اور خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے کر انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکوٹی سکولز میں خواتین کے لیے وویمن ٹو وویمن سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین بااختیار ہوں گی تو معاشرے میں واضح تبدیلی آئے گی۔