ساہیوال کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری!

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گزشتہ روز ضلع ساہیوال کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں مختلف سیاسی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ولایت شاہ، قاسم ندیم، ارشد ملک، ندیم اسلم لودھی، رانا ریاض احمد اور محمد حنیف شامل تھے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے ساہیوال میں جلد مزید 14 الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا اور ارکان اسمبلی کو ساہیوال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

صوبائی ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی عوامی خدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ساہیوال شہر کی بیوٹیفکیشن کو شاندار اور تاریخی اقدام قرار دیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے ساہیوال ڈویژن کے لیے 10 جدید ترین نواز شریف سکولز آف ایمننس کے اقدام کو بھی سراہا اور ساہیوال سمیت دیگر شہروں میں سیوریج اور ڈرینج کے منصوبوں پر اظہار تشکر کیا۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پہلی مرتبہ عوام کے حقیقی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ ساہیوال میں الیکٹرو بس کا اجراء قابل تحسین اور قابل تقلید اقدام ہے۔

ساہیوال کے مختلف علاقوں بشمول عارف والا بائی پاس، یوسف والا، نور شاہ، کے ایف سی بائی پاس، جنرل بس اسٹینڈ تا کمیر، اڈہ سبیل اور بالا موڑ پر الیکٹروبسیں ہزاروں لوگوں کو سہولت فراہم کررہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بڑے شہروں سے نکال کر گاؤں کی سطح پر لے آئے ہیں۔ نواز شریف سکولز آف ایمننس میں غریب اور امیر کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف سکولز آف ایمننس کا معیار کسی بھی اچھے اور بڑے پرائیویٹ اسکول سے کم نہیں ہوگا۔