حسینہ واجد کو جہاز مل گیا تھا، شہباز شریف کو وہ بھی نہیں ملے گا! جماعت اسلامی

گوجرانوالہ: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف جاری احتجاج اور دھرنے کو لانگ مارچ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

گوجرانوالہ میں مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاجی جلسے سے حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا۔ راولپنڈی میں جاری دھرنے کے دوران شدید بارش اور طوفان کے باعث اسکرین سسٹم تباہ ہوگیا، جس کے بعد شرکا کو امیر جماعت اسلامی کا خطاب اسکرین کے بجائے آڈیو کے ذریعے سنایا گیا۔ اس دوران لیاقت باغ چوک کے کنارے سڑک پر پانی جمع ہوگیا، تاہم کارکن پانی میں کھڑے ہو کر تقریر سنتے رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ ہوگا اور یہ لانگ مارچ تاریخی ہوگا جس میں پوری قوم شرکت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں کیونکہ حکومت کہتی ہے کہ آمدن کا کوئی ذریعہ ہی نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کارکنوں سے مخاطب ہو کر پوچھا کہ کیا آپ بڑی تحریک کے لیے تیار ہیں؟ جتنے کنٹینرز لگانے ہیں لگا لو، خواتین اور مرد سب نکلیں گے۔ حکومت کے لیے صرف ایک آپشن ہے کہ لیوی، غنڈہ ٹیکس ختم اور اپنے اخراجات بند کرو، جبکہ حکومت کہتی ہے کہ ہم مجبور ہیں اور لیوی ختم نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر لیوی ختم نہ کی گئی تو حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کو اسلام آباد اور راولپنڈی میں تاریخی مارچ ہوگا، لیاقت باغ سے اسلام آباد مارچ ہفتے کو 12 ستمبر کو ہوگا اور وہ خود پنڈی اسلام آباد مارچ کی قیادت کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارہ کہتا ہے کہ لیوی لگائی جائے، تو کیا مریم نواز نے جہاز آئی ایم ایف سے پوچھ کر لیا ہے؟ مریم نواز لندن میں جو اخراجات کررہی ہیں کیا وہ بھی آئی ایم ایف سے پوچھ کر کررہی ہیں؟

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ ناٹک بند کرو، لیوی ختم کرنا ہوگی، بجلی اور آئی پی پیز کے ٹیکس مکمل ختم کرو۔ مریم نواز مہنگے جہاز میں سفر کررہی ہیں جبکہ ہماری مائیں اور بہنیں چنگ چی میں خوار ہورہی ہیں۔ موجودہ نظام نے ایمانداری سے کام کرنا ختم کرکے کرپشن کا راستہ کھول دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سن لو، عوامی غضب سنو، حسینہ واجد کو جہاز مل گیا تھا، آپ کو وہ بھی نہیں ملے گا۔ ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ میں پورے ملک سے لوگ اسلام آباد آئیں گے۔