اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے پنجاب کے عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کو احتجاج کے لیے پانچ، پانچ لاکھ روپے فنڈز جمع کرنے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ پنجاب بھی احتجاج کی تیاریوں کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سینٹرل پنجاب کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور کارکن لاہور میں جمع ہوں گے، جبکہ صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا کہ کارکن لاہور میں احتجاج کریں گے یا انہیں اسلام آباد بلایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع کے ارکان اسمبلی اور کارکن خیبرپختونخوا پہنچیں گے، جبکہ جنوبی پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی کارکنوں کے ہمراہ احتجاج سے ایک روز قبل پشاور پہنچیں گے۔
دوسری جانب سینٹرل پنجاب کے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر پولیس چھاپے مار رہی ہے۔






