اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ سے محض چند ہفتے قبل ٹیکس سال 2026 کے ریٹرن فارم میں بڑی تبدیلیاں کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں اہم ترامیم کی ہیں۔ یہ اقدام ریٹرن جمع کرانے کی مقررہ آخری تاریخ سے چند ہفتے قبل کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ایس آر او 1495(I)/2026 کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کی گئی ہے۔ ترمیم کے ذریعے سیکنڈ شیڈول کے Part-II-ZE، Part-II-ZF، Part-II-ZG اور Part-II-ZH کے تحت نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم کا اطلاق ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن کے نظام پر ہوگا، جس سے ٹیکس سال 2026 کا انکم ٹیکس ریٹرن فریم ورک براہ راست متاثر ہوگا۔
دوسری جانب قانونی ماہرین نے ریٹرن فارم میں تبدیلی کے وقت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 ہے۔ اس مرحلے پر فارم میں تبدیلی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کو قانونی و تکنیکی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز پہلے ہی پرانے فارمیٹ پر ریٹرن تیار کر رہے تھے، اس لیے آخری وقت میں فارم میں تبدیلیوں سے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
ٹیکس ماہرین نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی ترامیم کے دائرہ کار، نفاذ اور عملدرآمد کے حوالے سے فوری اور واضح ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ٹیکس دہندگان مقررہ تاریخ سے پہلے اپنے گوشوارے بلا تاخیر جمع کراسکیں۔





