لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے متعلق گفتگو کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کرنا نہایت افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کی گفتگو کو اصل تناظر سے ہٹاکر پیش کرنا ایک مذموم اور قابلِ مذمت کوشش ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب دہشت گردوں کی بین الصوبائی نقل و حرکت اور اس سے پیدا ہونے والے سکیورٹی خطرات کے بارے میں بات کر رہی تھیں، لیکن سیاسی مخالفین نے دانستہ طور پر ان کے بیان کو صوبائیت اور لسانیت کا رنگ دے کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ملک کے تمام صوبوں اور ان میں بسنے والی تمام اقوام کا ہمیشہ احترام کرتی ہیں اور ان کی گفتگو کا مقصد کسی صوبے یا قوم کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ دہشت گردی اور دہشت گردوں کی نقل و حرکت سے لاحق خطرات کی نشاندہی کرنا تھا۔
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی جیسے قومی سلامتی کے اہم معاملے کو صوبائیت یا لسانیت سے جوڑنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت رویہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسے عناصر قوم میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں اور ان کا طرزِ عمل دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے مفادات کو تقویت دیتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے زور دیا کہ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے اور اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہیے، نہ کہ سیاسی مفادات کے لیے اس حساس معاملے کو صوبائی یا لسانی تنازع بنانے کی کوشش کی جائے۔






