ای پاسپورٹ حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اچھی خبر آ گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 7 ستمبر سے نادرا کے تمام سینٹرز پر ای پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ کراچی سمیت پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز سے شہری ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کروا سکیں گے۔
نئے ای پاسپورٹ کا اجرا، تبدیلی اور نئے مشین ریڈایبل پاسپورٹس کا اجرا پاسپورٹ دفاتر سے ہی ہوگا۔ نادرا دفاتر میں موجود پاسپورٹ کاونٹرز کا بتدریج خاتمہ کیا جائے گا اور عملہ واپس بلا لیا جائے گا۔ نادرا سینٹرز پر یہ سہولت محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان معاہدے کے تحت فراہم کی جائے گی۔
جدید ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چپ نصب ہوگی جس میں حامل کا بائیومیٹرک اور ذاتی ڈیٹا محفوظ ہوگا۔ یہ بین الاقوامی ادارہ برائے شہری ہوا بازی کے معیار کے مطابق ہوگا۔
ای پاسپورٹ میں این ایف سی چپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے۔ اس سے ہوائی اڈوں پر شناخت اور تصدیق کا عمل مزید محفوظ اور تیز ہو جائے گا۔






