جلسے کی اجازت سے انکار، پی ٹی آئی نے جلسے سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

پی ٹی آئی نے کراچی میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں پورٹیبل جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے خصوصی ٹرکس بھی تیار کرلیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو 6 ستمبر کو شاہراہ قائدین پر جلسے کی تاحال اجازت نہیں ملی، جس کے بعد پارٹی نے متبادل پلان تیار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پورٹیبل جلسے کے لیے خصوصی ٹرکس تیار کیے گئے ہیں۔ مرکزی ٹرک پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر پارٹی قائدین موجود ہوں گے، جبکہ دیگر ٹرکس پر موبائل اسٹیج، ساؤنڈ اور لائٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔

ٹرک جہاں رکے گا، وہیں اسٹیج سجانے اور پارٹی قائدین کے خطاب کا انتظام کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کا مرکزی خطاب شاہراہ قائدین پر ہی ہوگا، تاہم اجازت نہ ملنے کی صورت میں وہ ریلی کی شکل میں شہر کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے 6 ستمبر کو شاہراہ قائدین پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ جلسے کی اجازت کے لیے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فہیم خان کی جانب سے درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔