*وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت تجارت میں سہولیات سے متعلق اہم اجلاس — ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری*
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں تجارت میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں “ٹریڈ فیسلیٹیشن بورڈ” کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم خود اس بورڈ کی صدارت کریں گے۔
مجوزہ بورڈ کا بنیادی مقصد تجارت کی مکمل سپلائی چین کو بہتر بنانا، سرحد پار تجارت سے جڑے نان ٹیرف امور کو حل کرنا اور تجارت کے فروغ کے لیے روڈ میپ اور مانیٹرنگ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ بورڈ ٹریڈ فیسلیٹیشن انڈیکس بھی مرتب کرے گا تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اور ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ ورکنگ گروپس درج ذیل امور پر کام کریں گے:
– *بندرگاہوں کی کارکردگی میں بہتری*
– *متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی*
– *ریگولیٹری فریم ورک پر عملدرآمد*
– *پری ارائیول کلیئرنس کا نظام*
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے لیے بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر امور کو زیادہ سے زیادہ آسان اور سہل بنایا جائے۔






