سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، خطرناک دہشتگرد مارے گئے

بلوچستان کے علاقے واشک پلانتک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی گاڑی بھی تباہ کردی گئی، جبکہ موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد ماشکیل پولیس اسٹیشن اور کسٹم ہاؤس پر کیے گئے دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔ برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود مبینہ طور پر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف آپریشن ردالفتنہ جاری ہے، جبکہ علاقے میں مزید کارروائیوں اور سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری رکھا جارہا ہے۔