سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارج کو ہلاک کردیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ خوارج کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جبکہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی مؤثر فضائی نگرانی کے بعد کواڈکاپٹر کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

شاہد رند نے بتایا کہ آپریشن کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات بھی برآمد کیے گئے۔

انہوں نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کے مؤثر استعمال کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آخری خارجی دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔