استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیات کے وفود نے ملاقات کی۔ وفود نے نئے صوبوں کے مطالبے پر آواز اٹھانے اور مسلسل حمایت کرنے پر عبدالعلیم خان کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ملتان کے دورے کی دعوت دی۔
ملاقات میں آئی پی پی کے سیکریٹری جنرل میاں خالد محمود اور صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان بھی موجود تھے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ہم خیال افراد سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور اور ملتان کے بعد ہزارہ کا بھی دورہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے رائے عامہ پہلے ہی کافی حد تک ہموار ہو چکی ہے اور اب ’’نئے صوبے، نیا نظام‘‘ کے نعرے کو عملی شکل دینے کا وقت آگیا ہے۔ ان کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے بغیر موجودہ نظام کی خامیوں کو دور کرنا ممکن نہیں۔
عبدالعلیم خان نے جلد ملتان اور بہاولپور کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جنوبی پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں کے لیے ملتان میں استحکام پاکستان پارٹی کا مرکزی دفتر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کئی سیاسی رہنماؤں نے جنوبی پنجاب صوبے کا مطالبہ صرف سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا، تاہم عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملکی مفاد میں نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔
ملاقات کے دوران وفود کے ارکان نے عبدالعلیم خان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کے مسائل حل کرنے ہیں تو نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر آئی پی پی کی پالیسی کو واضح اور دوٹوک قرار دیا۔






