بھارتی قید سے 25 پاکستانی رہا

بھارتی حکومت نے 25 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے، جن میں 16 ماہی گیر بھی شامل ہیں۔ رہائی پانے والے ماہی گیروں کا تعلق کراچی کے ساحلی علاقے علی اکبر شاہ گوٹھ، ٹھٹھہ اور سجاول سے بتایا گیا ہے۔

رہائی پانے والے بعض ماہی گیر کئی سال بعد جبکہ کچھ تقریباً 10 سال بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ ان ماہی گیروں نے بھارت میں اپنی سزائیں مکمل کرلی ہیں، جس کے بعد انہیں پاکستان واپس بھیجا جا رہا ہے۔

پاکستانی قیدیوں کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ ضروری قانونی کارروائی، شناخت اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد انہیں لاہور میں ایدھی انتظامیہ کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے، جہاں سے انہیں ان کے آبائی علاقوں اور اہلخانہ تک پہنچایا جائے گا۔

رہائی پانے والے 25 پاکستانیوں میں علی اصغر، جان محمد، بلاول، سید غلام مرتضیٰ شاہ، بشیر، ریاض، محبوب علی، خانمیسو، محمد زین علی، نصراللہ، وقاص علی، محمد شوکت، مکرم شبیر، امجد علی، امیر حسین، عبدالشکور، ارشد/شاہد حسین، نورالامین، عظیم الدین، نور نبی، امیر حسین بنگالی، کمال حسین بنگالی، محمد شریف، عبدالرحمان اور احمد نور سید شامل ہیں۔

ماہی گیروں کی وطن واپسی کی خبر پر ساحلی علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماہی گیر برادری نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واپس آنے والے ماہی گیروں کو جلد از جلد ان کے اہلخانہ تک پہنچانے کے لیے ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں۔