ملک کے سات وفاقی سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی 2 ہزار 108 آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق ان اسپتالوں میں طبی عملے کی منظور شدہ آسامیاں 5 ہزار 602 ہیں، جبکہ اس وقت 3 ہزار 494 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف خدمات انجام دے رہا ہے۔
ملک کے بڑے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں بھی عملے کی شدید کمی ہے۔ پمز میں طبی عملے کی 2 ہزار 453 منظور شدہ آسامیاں ہیں، تاہم صرف ایک ہزار 419 افراد کام کر رہے ہیں، جس کے باعث ایک ہزار 34 آسامیاں خالی ہیں۔
پولی کلینک اسپتال میں منظور شدہ 1 ہزار 132 آسامیوں میں سے 893 پر عملہ موجود ہے جبکہ 239 آسامیاں خالی ہیں۔
نیرم میں طبی عملے کی منظور شدہ تعداد 161 ہے، جس میں سے 132 افراد خدمات انجام دے رہے ہیں اور 29 آسامیاں خالی ہیں۔
شیخ زید اسپتال لاہور میں طبی عملے کی 1 ہزار 216 منظور شدہ آسامیوں کے مقابلے میں 793 افراد کام کر رہے ہیں، جبکہ 423 آسامیاں خالی ہیں۔
وفاقی جنرل اسپتال اسلام آباد میں بھی طبی عملے کی کمی برقرار ہے۔ اسپتال میں 212 منظور شدہ آسامیوں میں سے 165 پر عملہ موجود ہے، جبکہ 47 آسامیاں خالی ہیں۔
اس کے علاوہ ضلعی محکمہ صحت کی 125 آسامیاں جبکہ وفاقی حکومت کے ٹی بی مرکز راولپنڈی میں طبی عملے کی 11 آسامیاں بھی خالی ہیں۔






