بازار میں خوفناک آتشزدگی، بڑی تباہی مچ گئی

ٹاؤن شپ کے مادر ملت روڈ پر واقع سہولت بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں فروٹ اور کریانے کی 7 دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، تاہم دکانوں میں موجود سامان کو شدید نقصان پہنچا۔

واقعے کے بعد رکن پنجاب اسمبلی میاں عمران اور بی بی وڈیری نے متاثرہ سہولت بازار کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متاثرہ دکانداروں سے بھی ملاقات کی گئی اور ان کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی گئی۔

متاثرہ دکاندار کے مطابق آگ لگنے کے وقت سہولت بازار میں ویلڈنگ کا کام جاری تھا اور اسی دوران آگ بھڑکی۔ دکاندار کا کہنا تھا کہ بازار انتظامیہ نے فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے اقدامات کیے۔

بی بی وڈیری نے کہا کہ متاثرہ دکانداروں کی داد رسی اور ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کی جائے گی۔