اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے کے پیچھے عملے کی غفلت بھی سامنے آئی ہے جس کی تصدیق متاثرہ والدین نے کی ہے۔
ذرائع کے مطابق آگ لگتے ہی پمز کا عملہ انکیوبیٹر سینٹر چھوڑ کر باہر نکل گیا۔ بچوں کی مائیں خود اپنے بچوں کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں۔ عملہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے کسی کو اپنے بچے کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔ آگ کے بڑھنے پر ریسکیو ٹیم نے 10 ماؤں کو وارڈ سے باہر نکالا۔
والدین نے الزام لگایا کہ وہ ہتھوڑوں سے شیشے توڑ کر وارڈ کے اندر داخل ہوئے کیونکہ تمام عملہ بھاگ چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف یہ بتایا گیا کہ بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کے کپڑے تک نہیں دکھائے گئے۔ ہمیں یقین دلایا جائے کہ ہمارے بچے واقعی جھلس کر فوت ہوئے ہیں۔
ایک متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ ایک گھنٹے تک کوئی ڈاکٹر یا عملہ نہیں آیا۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ آگ لگے اور دوسرے وارڈ میں کسی ایک شخص کو بھی خراش نہ آئے۔ ذرائع کے مطابق 5 بچے لواحقین کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔






