فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا اہم دورہ مکمل ، دورے کا اہم احوال سامنے آ گیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا اہم دورہ مکمل کرلیا، جس کے دوران انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران کے دورے پر موجود تھے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کے جلد خاتمے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر سے مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں ایران، امریکا تنازع، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ان کے مطابق اسلام آباد ایم او یو کی بحالی کے لیے دونوں جانب سے درکار اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کے مؤقف اور خدشات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملاقات میں اہم پیشرفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ ان کے مطابق اس پیش رفت سے خطے میں مزید بہتری اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔