حافظ نعیم نے پنجاب حکومت کو ناکام ترین قرار دے دیا

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب حکومت کو عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار سمیت بنیادی مسائل پر مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔

 

لاہور میں مال روڈ پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے جاری دھرنے کے ساتویں روز خواتین کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے لیے زندگی مشکل بنا دی ہے، بچوں کی تعلیم مشکل ہو گئی ہے جبکہ خواتین کو بھی غیر محفوظ حالات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔

 

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور ملک گیر ہڑتال، شٹر ڈاؤن، پہیہ جام اور لانگ مارچ جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بیک وقت تین دھرنے جاری ہیں اور یہ احتجاج صرف پٹرول کی قیمتوں کے خلاف نہیں بلکہ مہنگائی، آئی پی پیز اور پٹرولیم لیوی کے خلاف عوام کی آواز ہے۔

 

جماعت اسلامی کے امیر کے مطابق پٹرول کی قیمت میں اضافے کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتے بلکہ روزمرہ زندگی کے تقریباً ہر شعبے پر پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیے اصل مسئلہ ہر گھر کے چولہے اور عوام کے معاشی مسائل کا ہے۔