عمران خان کی اسپتال منتقلی کا حکم، اسلام آبادانتظامیہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی جلد سماعت کی درخواست دائر

اسلام آباد انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے خلاف نظرثانی درخواست کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کردی۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف دائر نظرثانی درخواست کی جلد سماعت کی جائے۔ ریویو پٹیشن میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر نظرثانی، اس میں ترمیم اور اسے واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے نجی اسپتال منتقل کرنے کے احکامات کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست میں میڈیکل پینل کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج سے متعلق عدالتی احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر ریویو پٹیشن میں 27ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق قانونی سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ معاملہ صرف طبی سہولیات تک محدود نہیں بلکہ قانونی اور آئینی دائرہ اختیار سے بھی متعلق ہے۔

درخواست میں آئین کے آرٹیکل 175(2) اور جیل قوانین سے متعلق بھی قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ریویو پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم وقت کی پابندی پر مبنی تھا، اس لیے معاملے کی فوری سماعت ضروری ہے۔