کراچی (آئی این پی) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی ملکی خدمت کی مثال نہیں ملتی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا بھی پیپلز پارٹی کی مہربانی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ سے حکومت میں آتی ہے اور اقتدار میں آکر عوامی خدمت کے منصوبے مکمل کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ بڑی تعداد میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ جائیں گی جبکہ ای وی ٹیکسیاں بھی جلد دستیاب ہوں گی۔ ان کے مطابق 500 الیکٹرک بسوں کی منظوری ہوچکی ہے اور پنک اسکوٹیز بھی بہت جلد شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کوریڈور کا 80 سے 85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور اس وقت یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔ یونیورسٹی روڈ کا منصوبہ 15 ستمبر تک مکمل ہوجائے گا۔
سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ تھرپارکر میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور اس سے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ تھر کے کوئلے سے پورے پاکستان کے بجلی پلانٹس چلائے جاسکتے ہیں۔






