لاہور (آئی این پی) برائلر مرغی، چکن، مٹن اور بیف سرکاری نرخوں کے برعکس من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے لگے، شہریوں نے سرکاری نرخوں پر گوشت اور انڈوں کی فروخت یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 504 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 20 سے 25 روپے مہنگا جبکہ پرچون مارکیٹ میں برائلر گوشت 520 سے 525 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، جبکہ بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے کے مقابلے میں 1200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 238 روپے فی درجن ہے، تاہم مارکیٹ میں انڈے 245 سے 250 روپے فی درجن تک فروخت کیے جارہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث مرغی کا گوشت بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوتا جارہا ہے، حکومت سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فروخت یقینی بنائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔






