ملک کے اہم علاقے میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، بڑا نقصان

ایم ٹو موٹروے پر کیپیٹل اسمارٹ سٹی کے قریب شدید بارش کے باعث بس سمیت متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 36 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت شمس الرحمان ولد محمد سلیمان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ اٹک کا رہائشی تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کل 36 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 27 کو پمز اسپتال اور 3 کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کچھ زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کے مطابق شدید بارش اور سڑک پر پھسلن حادثے کی ممکنہ وجہ ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے اور موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی ہے۔