صوبہ خیبر پختونخوا کے مزید چار تاریخی مقامات کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ان مقامات میں ہری پور کا بھامالا، پشاور کا سیٹھی ہاؤس اور گور گٹھری جبکہ سوات کا بریکوٹ شامل ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا شفیع جان نے اس پیش رفت کو صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی اور خطے کے مالا مال ثقافتی ورثے کا عالمی سطح پر اعتراف قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خیبر پختونخوا کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کی اہمیت عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگی۔
شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وژن اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاندار ثقافتی ورثہ ہمارا فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے امانت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی ورثے کا تحفظ، بحالی اور اسے عالمی سطح پر متعارف کرانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔






