14 اگست کی شام ڈی چوک میں یوم آزادی کی پریڈ میں آئی جی اسلام آباد اور کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے کے بگی پر پروٹوکول لینے پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل آیا ہے۔
عوامی تنقید کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں افسران کا دفاع کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے کہا کہ امیر ممالک کے وزرا خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہیں جبکہ ہمارے افسران خود کو حاکم سمجھتے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ حکمرانوں سے لے کر عام لوگوں تک یہی “بگی مائنڈ سیٹ” آ گیا ہے۔ تھوڑے پیسے آنے پر لوگ بھی نوکروں کی فوج رکھ لیتے ہیں اور ظلم کو اپنا حق سمجھنے لگتے ہیں۔
دوسرے صارفین کا کہنا تھا کہ جب تک عوام کو عزت اور حقوق نہیں ملیں گے اور سرکاری ادارے خود کو عوام کا خادم نہیں سمجھیں گے، کرپشن اور اقربا پروری ختم نہیں ہوگی۔ ریاست کی اصل طاقت عوام ہیں اور اداروں کا کام ان کی خدمت کرنا ہے۔
صحافیوں نے بھی اس معاملے پر سخت ردعمل دیا۔ اینکر اطہر کاظمی نے ایکس پر لکھا کہ دنیا کے امیر ترین ملک کے وزیر خارجہ کے مقابلے میں ایک لاکھ ہزار ارب قرض میں ڈوبے ملک کے افسران بگی پر پروٹوکول لے رہے ہیں۔ مسئلہ صرف ایک تقریب کا نہیں، یہ حکمران اشرافیہ کا وہ مائنڈ سیٹ ہے جو عوامی پیسے پر جہاز سے لے کر بگی تک کو اپنا استحقاق سمجھتی ہے۔






