عبدالعلیم خان کی خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کو مصلحت یا سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 2010 سے ہزارہ صوبے کے لیے آوازیں بلند ہو رہی ہیں، خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا کی اہم سیاسی جماعتیں ہزارہ صوبے کے قیام کی خواہاں ہیں اور ہماری پارٹی بھی ہزارہ صوبے کے مطالبے کے ساتھ ہے۔

علیم خان نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں بھی خیبرپختونخوا کی طرح نئے صوبوں کے قیام کے لیے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ آبادی میں بے تحاشا اضافے کے باعث نئے صوبے وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکے ہیں، ہم جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کی بھی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے لوگوں کے مسائل کا حل بے حد ضروری ہے، دیکھا جائے تو چاروں صوبوں کو چار چار انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ملکی مفاد میں مثبت تجویز کسی بھی پلیٹ فارم سے آئے، اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

علیم خان نے کہا کہ سیاستدان ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئے صوبوں کی ’’اونرشپ‘‘ لیں۔ دنیا میں کئی ممالک کم آبادی کے باوجود پاکستان سے زیادہ صوبے رکھتے ہیں، اپنی چوہدراہٹ بچانے کے بجائے عوام کے مسائل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔