پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل دنیا میں کانٹینٹ کریئیٹرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی خدمات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ملک میں پہلی مرتبہ ’پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز‘ (PIA) منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ڈیجیٹل کریئیٹرز کو ایک باقاعدہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہنا ہے۔ پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کی تقریب 7 نومبر کو منعقد ہوگی، جس میں 30 سے زائد مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کریئیٹرز کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ تقریب کی میزبانی مقبول وی لاگ ’پتن گیر‘ سے شہرت حاصل کرنے والی امتل باویجا اور فہد طارق کریں گے۔
امتل باویجا نے انسٹاگرام پر اس حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ آٹھ برس سے ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہوں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب وہ اسی ڈیجیٹل کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے پہلے انفلوئنسر ایوارڈز کی میزبانی کریں گی۔
منتظمین کے مطابق ان ایوارڈز کا مقصد صرف کامیاب انفلوئنسرز کو اعزاز دینا نہیں بلکہ پاکستان کی کانٹینٹ کریئیٹر انڈسٹری کو ایک منظم سمت فراہم کرنا بھی ہے۔ موجودہ دور میں لاکھوں نوجوان سوشل میڈیا کو محض تفریح کے بجائے باقاعدہ پیشے اور کیریئر کے طور پر اختیار کر رہے ہیں، ایسے میں اس شعبے میں صحت مند مقابلے اور معیاری تخلیق کی حوصلہ افزائی کو ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔
27 جولائی کو ایک تقریب کے دوران ایوارڈز کے چیف کیوریٹر طلحہ اسلم نے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ایسا صحت مند اور مسابقتی ماحول پیدا کرنا ہے جس میں پاکستانی کانٹینٹ انڈسٹری عالمی معیار کے مطابق ترقی کرسکے اور اس شعبے کے لیے بنیادی اصول بھی وضع کیے جاسکیں۔
ایوارڈز میں یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کریئیٹرز کو مختلف اعزازات کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔ ’کریئیٹر آف دی ایئر‘ اور ’ایمرجنگ کریئیٹر‘ کے علاوہ فیشن، سیاحت، بیوٹی، لائف اسٹائل، فٹنس، گیمنگ، موسیقی، پیرنٹنگ اور انٹرٹینمنٹ سمیت روزمرہ زندگی سے متعلق مختلف شعبوں میں بھی بہترین کریئیٹرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔
منتظمین نے امیدواروں کے انتخاب کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار بھی ترتیب دیا ہے۔ ہر کیٹیگری میں ابتدائی طور پر 20 امیدواروں کو الگورتھم کی مدد سے شارٹ لسٹ کیا جائے گا، جن کے نتائج کی مارکیٹ سروے کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔ اس کے بعد معروف کانٹینٹ کریئیٹرز پر مشتمل جیوری ان 20 امیدواروں میں سے 10 کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کرے گی۔
دوسرے مرحلے میں مارکیٹنگ اور اشتہارات کے شعبے سے وابستہ ماہرین پر مشتمل جیوری 10 امیدواروں میں سے پانچ فائنلسٹس کا انتخاب کرے گی۔ تاہم فاتح کے انتخاب کا حتمی اختیار جیوری کے پاس نہیں ہوگا بلکہ عوام اپنے پسندیدہ کریئیٹر کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔ آن لائن پبلک ووٹنگ اکتوبر میں شروع کی جائے گی۔
ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر میں پاکستان میں کانٹینٹ کریئیٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے ایوارڈز نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ سوشل میڈیا کے مثبت اور تخلیقی استعمال کو بھی فروغ دینے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز کو ڈیجیٹل کریئیٹرز کے لیے ایک نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر شناخت دینے کے ساتھ دنیا کے سامنے پاکستان کے جدید اور تخلیقی ڈیجیٹل منظرنامے کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔






