رات 12 بجے تک اسلام آباد میں ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یومِ آزادی کی تقریبات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کردیا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق 13 اگست رات 2 بجے سے 14 اگست رات 12 بجے تک وفاقی دارالحکومت میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔

جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب یادگارِ فتح، ایچ ایٹ میں منعقد ہوگی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق تقریب کے دوران ایکسپریس وے کورال چوک سے آگے بند رہے گی، جبکہ شہری متبادل راستے کے طور پر سروس روڈ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرسکیں گے۔

راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو اور کھنہ فلائی اوور کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد کے رہائشی ہنگامی صورتحال میں الشفا، پمز اور پولی کلینک جانے کے لیے نائنتھ ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کرسکیں گے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک ڈائیورژن پلان سے متعلق مزید معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سماجی رابطوں کے صفحات یا آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سے آگاہی حاصل کی جاسکتی ہے۔