حج اخراجات قسطوں میں ؟ نیا طریقہ کار تیار

حج 2027 کی درخواستوں اور اخراجات کی وصولی کا طریقہ کار حتمی شکل دے دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

حج اخراجات کی ادائیگی تین طریقوں سے کی جا سکے گی، جن میں ون لنک، پی ایس آئی ڈی، کریڈٹ کارڈ اور آن لائن چالان شامل ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج درخواستیں جمع کرانے کے ساتھ واجبات ادا کر سکیں گے۔

حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے، جس کے تحت نصف رقم پہلی قسط جبکہ باقی رقم دوسری قسط میں ادا کرنا ہوگی۔ صرف پہلے سے رجسٹرڈ عازمین ہی درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے۔

نجی حج اسکیم کے عازمین کو بھی ون لنک، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے اخراجات جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ درخواستیں اور رقوم صرف ایک نجی بینک کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔

ذرائع وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج واجبات کی ادائیگی کا عمل مزید آسان، تیز اور محفوظ بنایا گیا ہے۔